واشنگٹن: سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ جارج ایچ بش کے موت کی تصدیق اُن کے بیٹے جارج ڈبلیو بش نے کی۔
جارج ایچ ڈبلیو بش امریکہ کے 41 ویں صدر تھے جب کہ وہ امریکہ کے سابق 43 ویں صدر جارج ڈبلیو بش کے والد تھے۔ جارج ایچ بش کی اہلیہ باربرابش کا انتقال سات ماہ قبل ہوا تھا۔
جارج ایچ ڈبلیو بش 1971 سے 1973 تک اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے فرائض انجام دیئے جس کے بعد 1976 سے 1977 تک سینٹرل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے اور 1981 سے 1989 تک امریکی نائب صدر رہے جب کہ 1989 سے 1993 تک کمانڈ اینڈ چیف کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
جارج ایچ بش نے چار دہائی سے جاری سرد جنگ کے خاتمے سمیت سویت یونین کے ٹوٹنے پر ایٹمی خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جب کہ کویت سے عراق کو نکالنے کے لیے عالمی اتحاد بنایا تھا۔ جارج ایچ ڈبلیو بش کو 2011 صدارتی تمغہ آزادی سے نوازا گیا تھا۔
جارچ ایچ ڈبلیو بش 12 جون 1924 کو امریکہ کے علاقے ملٹن میسا چوسٹس میں پیدا ہوئے تھے۔
