العزیزیہ ریفرنس، آئندہ سماعت پر نواز شریف کا بیان قلمبند ہو گا


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق عدالت میں بیان دے دیا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر واثق ملک نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق عدالت میں حتمی بیان دیا، جس کے بعد عدالت نے اگلی سماعت پر ملزم سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں ہمارے شواہد مکمل ہو گئے ہیں۔ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں کُل 22 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے سپریم کورٹ کے 20اپریل اور 28جولائی 2017 کے فیصلے کی کاپیاں بھی پیش کر دی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب پراسیکیوٹر کے بیان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا 20 اپریل کا فیصلہ اس ریفرنس سے متعلق نہیں ہے اور ویسے بھی دوسرا فیصلہ آ جانے کے بعد پرانا فیصلہ پیش نہیں کیا جا سکتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ العزیزیہ ریفرنس کے دونوں فیصلوں میں مشترک بنیادیں حوالے کے طور پر پڑھی جا سکتی ہیں۔


متعلقہ خبریں