اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے قومی اداروں کے خلاف ایک بار پھر متنازعہ بیان داغ ڈالا ہے۔
اس سے قبل انہیں عدلیہ پر مسلسل تنقید اور دھمکیوں کی وجہ سے جیل جانا پڑا تھا اور ان کے سیاست میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
اپنے تازہ ترین بیان میں انہوں نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ مختلف شہروں میں احتجاج بھی جاری ہے۔
انہوں نے تازہ ترین متنازعہ بیان کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران دیا ہے۔
اس حوالے سے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے قومی سلامتی کے امور کے ماہر بریگیڈیئر (ر) شاہد جہانگیر نے کہا کہ پہلے بھی نہال ہاشمی نے متنازع بیان دیا تھا جس پر انہیں سزا کا سامنا کرنا پڑا اور سیاست سے بھی دست بردار ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی اپنے بیانات دینے سے باز نہیں آ رہے، اصل بات یہ ہے کہ اس کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں یا صرف انہوں نے اپنا ذاتی خیال پیش کیا ہے۔