اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اجمل وزیرنے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے ہمارے ہاتھ میں دیا اور اپنے دور میں عوام سے دھوکا کیا۔
انہوں نے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ بعد ہمارے اقدامات کے اثرات نظر آئیں گے کیونکہ بگڑی ہوئی چیزوں کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری کو لازمی روکا جائے گا اور حالات بہتر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کوئی جادو کا چراغ نہیں کے ایک دم سب کچھ ٹھیک کردیں۔ انہوں نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت نے جو قرض لیا اس کا سود کون بھرے گا؟ انہوں نے کہا کہ جب نواز حکومت قرضے لے رہی تھی تب انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ عوام کا اس پر کیا اثر پڑے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ حل کیا اور ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی چوری کو روکنے کی کوشش کی اور اس کے لیے کمپنیاں بھی بنائیں۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تب بھی خزانہ خالی تھا اور جب پی ٹی آئی دھرنا دے رہی تھی تو نواز حکومت معاہدے کررہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کا نقصان نہیں چاہتے اور نہ حکومت گرانے کے خواہاں ہیں۔ ہم پی ٹی آئی کی طرح دھرنے نہیں دیں گے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو معلوم ہو کے شہباز اور بزدار میں کیا فرق ہے۔
پروگرام میں موجود رہنما پاکستان پیپلز پارٹی بہرا مند ٹنگی نے کہا کہ چوروں کو پکڑنے کی بات کررہے ہیں تو چوہدری پرویزالہی کو بھی پکڑا جائے گا ؟ کیونکہ ان کا ماضی بھی بے داغ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی مفاد میں پالیسی لائے ہم معاونت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب حکومت میں ہے انہیں اب ذمےداری سے کام لینا ہوگا کیونکہ حکومت چلانا آسان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت بنی اس وقت بھی عمران خان نے کے پی میں بہت کچھ کرنے کے وعدے کیے تھے اور اربوں کا قرض بھی لیا تھا۔ وہ کہاں خرچ ہوا؟