اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور ممبر نیشنل اسمبلی مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلی حکومت ہے جس نے 56 دن رونے اور جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا جبکہ نااہل حکومت نے عوام پہ مہنگائی کا بم گرایا۔
انہوں نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی پریس کانفرنس حکومت کا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا پیش خیمہ ہے۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اپنے دور میں مہنگائی، پٹرول اور بجلی کی قیمت کو تاریخ کی کم ترین سطح کو یقینی بنایا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کی محنت اور ایمانداری کا ثمر قوم کو ملا اور اب پی ٹی آئی حکومت کے جھوٹ اور نا اہلی کی سزا قوم کو مل رہی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورمیں پیدا ہونے والے 11000 میگا واٹ بجلی کے مکمل کردہ منصوبے نیب میں ضرور لے کے جائیں لیکن اپنے خیالی 350 ڈیمز کا جواب بھی تو دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران یہ بھی تو بتائیں کہ 50 ارب کا پشاور میٹرو کا نا مکمل منصوبہ نیب میں کب لے کر جا رہے ہیں، وزیراعلی کے پی کے، کے اختیارات استعمال کرکے جہانگیر ترین نے کان کنی کے جو ٹھیکے لیے، ان کی تفصیل کب نیب کو پیش کریں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت 14 اکتوبر کو عوام کا ردِعمل دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، جس وزیراعظم ہاؤس میں صرف جھوٹ بولنے اور الزام لگانے کی حکمتِ عملی بنتی ہو وہ کیسے ملک کی بہتری کے لیے کام کر سکتی ہے۔