مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات، کرفیو نافذ


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کا سلسلہ کل پیر سے شروع ہو رہا ہے۔ وادی میں مکمل طور پر کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھارتی فوج نے وادی میں کرفیو نافذ کر دیا ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے، وادی میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے حریت پسند رہنماؤں کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

بلدیاتی انتخابات کا یہ سلسلہ چار مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، وادی میں انتخابات کی تاریخ آٹھ اکتوبر، دس اکتوبر، 13 اکتوبر اور آخری مرحلے کا آغاز 16 اکتوبر سے کیا جائے گا۔

حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر میں نام نہاد انتخابی ڈرامے کے خلاف آٹھ اکتوبر کو ہڑتال اور پورے جموں وکشمیر میں سول کرفیو نافذ رہے گا جب کہ دس، 13 اور 16 اکتوبر کو بھی جن جن علاقوں میں انتخابی عمل ہوگا وہاں ہڑتال کی جائی گی۔

دوسری جانب ہڑتال اور احتجاج کو روکنے کے لیے بھارتی افواج نے حریت قیادت کے کئی رہنماؤں کو گھروں میں نظر بند کر دیا ہے۔

مقبوضہ ریاست میں انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور وادی میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات ہے جب کہ مقبوضہ وادی میں ہونے والے اس بلدیاتی انتخابات پرسکھ کمیونٹی نے بھی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں