سندھ: تیمور تالپورکا بیان الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا اعلان


کراچی: اپوزیشن جماعتوں نے تیمور تالپور کی جانب سے ووٹ خریدنے کی اعترافی وڈیو الیکشن کمیشن آف پاکستان  میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اراکین پارلیمنٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جی ڈی اے کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی نے کہا کہ پی پی پی کے تیمور تالپور نے ایوان کے فلور پر ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا ہے جس پر ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ازخود اس بیان کا نوٹس لیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم پیپلزپارٹی کے رکن کا اعترافی بیان الیکشن کمیشن کو دیں گے۔ 

نصرت سحرعباسی اور حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ تیمور تالپور جب اپنے حلقے میں ہوتے ہیں تو والدین اپنی بچیوں کو اسکول نہیں بھیجتے ہیں۔

اس سے قبل فنکشنل مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت پر شدید تنقید کی جس پر پی پی پی کے اراکین اسمبلی ایوان میں کھڑے ہوگئے۔ اس دوران کافی شورشرابہ ہوا۔

نصرت سحر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باردانہ (گندم کی بوریاں) کے لیے پلاسٹک کی بوریاں بنائی گئ ہیں اوریہ انورمجید (آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی دوست جو اس وقت نیب کی حراست میں ہیں) کی فیکٹری میں تیارکرائی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب روپے کی بوریاں خریدی جاتی ہیں جن کا فائدہ صرف اومنی گروپ کو پہنچایا جاتا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ ٹریکٹر اسکیم میں بڑا فراڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انور مجید کی کمپنی کو ہزاروں ٹریکٹرز کا ٹھیکہ دیا گیا جو صرف کاغذوں پر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہاریوں کو ٹریکٹرز نہیں دیے گئے ہیں۔

فنکشنل مسلم لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے نام لیے بغیر کہا کہ خوابوں کے بادشاہ نے کہا تھا کہ میں یہاں نہیں آسکوں گی مگرمیں پھر اسمبلی میں آگئی لیکن خوابوں کا بادشاہ یہاں نہیں ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ انگریزی میں ’گٹ پٹ‘ کر کے بجٹ پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ہمیں ہاجمولہ کی گولیاں دے رہے تھے ہم ان کو ہاضمہ درست کرنے کے لیے اسپغول دیں گے۔

نصرت سحر عباسی نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کا یہ حال ہے پانچ گریڈ کے کلرک کو 17 گریڈ میں سی ایم او بنا دیا گیا۔

انہوں نے استفسارکیا کہ وزیر اعلیٰ نے قابل طالب علموں کے لئے 75 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا تو وہ کہاں ہیں؟

نصرت سحر عباسی نے کہا کہ دنیا پوچھتی ہے کہ سندھ میں وہ کون سا شہر ہے جہاں ڈائن سات گھر بھی نہیں چھوڑتی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ سندھ اسمبلی میں ایسے بہت سے اراکین ہیں جو تین مہینے میں غائب ہونے والے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بتائیں وہ 48 لوگ کون ہیں جن کے پاس تین تین سرکاری گاڑیاں ہیں۔

ان کا دعویٰ تھا کہ کرپشن کی کہانی سنا دوں تو حکومتی اراکین این آئی سی وی ڈی پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا پانی بحریہ کو دے دیا گیا۔ 

فنکشنل مسلم لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اومنی گروپ کو نوازنے کے لئے ان کو ہر ترقیاتی اسکیم میں حصہ دیا گیا لیکن اب ہر طوطا بولے گا — انورمجید انورمجید۔

ہم نیوز کے مطابق ایم پی اے نصرت سحر عباسی کی تقریر کو اسپیکر سندھ اسمبلی نے جلسہ قراردیا اور انہیں تقریر کے دوران بار بار ٹوکتے رہے لیکن انہوں نے اپنی تقریر مکمل کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا اور کہا کہ جس ممبر نے پیپلزپارٹی کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچا وہ آج بھی ایوان میں بیٹھا ہے۔

پی پی پی کے رکن سندھ اسمبلی تیمورتالپور کے اعترافی ریمارکس پر ایوان میں زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی اور فنکشنل مسلم لیگ کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی نے شدید احتجاج کیا۔

ہم نیوز کے مطابق تیمورتالپور کا کہنا تھا کہ آپ چمچہ گیری بند کریں آپ کو دوبارہ مخصوص نشست پر ٹکٹ مل جائے گا۔


متعلقہ خبریں