300 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار: حرمین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح آج



ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز آج منگل کے روز مکہ سے مدینہ کے درمیان حرمین ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ حرمین ایکسپریس مشرق وسطی میں چلائی جانے والی پہلی تیز ترین ٹرین ہے جس کی رفتار 300 کلومیٹرفی گھنٹہ سے زیادہ ہوگی۔

مذکورہ ٹرین مکہ سے جدہ تک کا سفر 21 منٹ میں طے کرے گی اور اس میں سالانہ چھ کروڑ افراد سفر کر سکیں گے۔ برقی ٹرین کو بجلی کی فراہمی کے لیے چھ پاور ہاؤس قائم کیے گئے ہیں اور اس میں 471 نشستیں بنائی گئی ہیں۔

ابتدائی طور پر 35 ٹرینیں چلائی جائیں گی جو دن میں آٹھ چکر لگائیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ برس چکروں کی تعداد بڑھا کر 12 کردی جائے گی۔

سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل المعودی کے مطابق اس پراجیکٹ کو وژن 2030 کے تحت بنایا گیا ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حرمین ایکسپریس کا روٹ

پبلک ٹرانسپورٹ کے سربراہ رومیح الرومیح کا کہنا ہے کہ ٹرین 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پانچ اسٹیشنیوں سے گزرتی ہوئے 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ حرمین ایکسپریس مکہ، جدہ،  کنگ عبدالعزیز ائیرپورٹ اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سے ہوتی ہوئی مدینہ پہنچے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ کی تکمیل میں قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی اشتراک سے 350 پل اور پانی کی فراہمی کے لیے 850 چینلز بنائے گئے ہیں۔ ٹرین کا روٹ بنانے کے لیے 150 ملین کیوبک میٹر ریت اور چٹانوں کو ہٹایا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے میں ٹرین کے اسٹیشنز بنائے گئے اور تیسرے مرحلے میں ریلوے لائن بچھائی گئی، سگنل سسٹم، ٹکٹوں کا سسٹم، مواصلات کا نظام اور دیگر ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

سعودی حکومت کے مطابق جدید ترین ٹرین کو چلانے اور دیکھ بھال کا ٹھیکہ 12 سال کے لیے اسپین کی ایک کمپنی کو دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں