لاہور: مسلم لیگ نون کو ہفتہ کے روز ان کے گڑھ لاہورمیں ایک اور دھچکا لگا جب پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) شہزاد منشی مسلم لیگ نون چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہوگئے۔
شہزاد منشی نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ شہزاد منشی کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ چودھری سرور نے کہا تحریک انصاف اقلیتوں کے حقوق کا مکمل خیال رکھے گی اور ان کی آواز بنے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہزاد منشی نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی مضبوطی کے لئے متحرک انداز میں کام کریں گے اور ضمنی الیکشن میں این اے 131 سے ہمایوں اختر خان کو کامیاب کروائیں گئے۔
اس موقع پر راجہ عارف آصف بھٹی، سیمسن بھٹی، اسحاق، امین گل، سلیم گل، آفتاب مبارک، شریف مسیح، روبن سہوترا، رابنسن، فلک شیر گل، عاطف بخش، رمیض مسیح سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
اس سے پہلے ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملہ پر ملک خالد کھوکھر بھی ناراض ہو گئے تھے۔ ملک خالد کھوکھر نے آزاد انتخاب لڑنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ ہفتہ کو ناراض رہنماؤں کو منانے کے لئے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی متحرک ہو گئے۔
سلمان شہباز نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 165 میں ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہونے والے خالد کھوکھر سے رابطہ کیا اور ملک خالد کھوکھر سے پارٹی کا ساتھ دینے کی درخواست کی۔ لیگی ذرائع کے مطابق سلمان شہباز ملک خالد کے گھر بھی جائیں گے۔