بھارت مذاکرات سے بھاگ گیا، شاہ محمود قریشی کا اظہار افسوس


اسلام آباد: بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کر دی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اپنی حکومت کے اس فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ خبر سن کر افسوس اور حیرت ہوئی۔ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے، ہم نے خط کے ذریعےبھارت کو مثبت جواب دیا تھا۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ لگتا ہے بھارت میں آنے والے انتخابات کی تیاری ہو رہی ہے، بھارتی حکام کی جانب سے ذہنی ہم آہنگی دکھائی نہیں دے رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے جبکہ بھارت کی ترجیحات کچھ اور ہی ہیں۔ بھارت کی سیاست تقسیم دکھائی دے رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے باوجود آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ بھارت کے ملاقات سے پہلے ہی قدم ڈگمگا گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ یہ ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں طے پائی تھی۔

امریکا نے بھی اس ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا تھا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہو رہے ہیں،  اپنے ایک ہفتہ طویل دورے کے دوران پاکستانیوں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ 29 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے سیشن سے خطاب بھی کریں گے

 


متعلقہ خبریں