ریاض: سعودی فرمانروا خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جہاں انہوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں عرب امارات کے نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزراور وزیر برائے صدارتی امور موجود تھے۔ پاکستان کی طرف سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستان اور عرب امارات رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر بات چیت کی اور دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر دونوں ممالک نے مشترک نقطہ نظر پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی عرب سے روانگی سے قبل انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بات چیت ہوئی۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات میں وسعت لانے اور انہیں ہمہ جہت بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور خطے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
سعودی قیادت نے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم عمران کان کو مبارک باد دی جبکہ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے سعودی فرمانروا کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد حسین، مشیرتجارت عبد الرزاق داؤد اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ھشام بن صدیق شامل ہوئے۔
وزیراعظم کی سعودی فرمانروا کے محل میں آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا سعودی وفد سے تعارف کرایا گیا جبکہ شاہ سلمان کا تعارف پاکستانی وفد کے اراکین سے کرایا گیا۔