اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے متعلق فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کی جائے گی۔
ہم نیوز کے مطابق یہ فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی ،سینئر وکلا اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
شریف خاندان کی سزاؤں سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں احتساب عدالت کی دی گئی سزائیں معطل کر دی ہیں۔
عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کا فیصلہ ہونے تک سزا معطل رہے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔