اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
نیب ہیڈ کوارٹرز میں علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں تمام علاقائی بیوروز، پراسیکیوشن، آپریشن ڈویژن سمیت نیب ہیڈکواٹر کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نیب اپنی حالیہ پالیسی میں نوجوانوں کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مقدمات کو نمٹانے کے لیے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور تحقیقات کے لیے وقت کا تعین کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 297 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ محکمے میں تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کوششوں کی تعریف بھی کی۔