رائے ونڈ: سابق وزیراعظم نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم کی رسم قل میں شرکت کرنے والے متعدد افراد کی جیبیں کٹ گئیں. جیب کتروں نے اپنی کارروائیوں کے ذریعے لوگوں کو ہزاروں روپے نقدی، اہم کاغذات اور موبائل فونوں سے محروم کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق نامعلوم جیب تراشوں کے خلاف تھانہ سٹی رائے ونڈ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں اور سٹی پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
جیب کتروں کا نشانہ بننے والوں میں محمد سرور، ذوالفقار علی، قاضی عبدالرحمان، محمد نعیم بٹ اور محبوب خاں شامل ہیں۔
سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رسم قل جاتی امرا میں نماز عصر سے مغرب کے درمیان ادا کی گئی جس میں اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت شریف فیملی کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔