کراچی: وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران ان سے ملنے کے خواہاں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان اتوار کے روز پہلی مرتبہ کراچی پہنچے ہیں۔
عمران خان کے دورہ کراچی کے شیڈول کے مطابق وہ اسٹیٹ گیسٹ ہائوس کراچی میں مختلف حکومتی و غیر حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے، لیکن انہیں گیٹ پرروک لیا گیا اوراندرجانے نہیں دیا گیا۔
اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے باہر موجود میڈیا نمائندوں کے مطابق عامر لیاقت تقریبا 35 منٹس تک گیٹ پر رکے رہے جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔
اسٹیٹ گیسٹ ہائوس کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےعامر لیاقت حسین نے کہا کہ کراچی والوں کے لیے آج بڑی خوش خبری ہے۔ آج بڑے بڑے اعلانات ہونے جارہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے کہا کہ کراچی پیکیج پی ٹی آئی والوں نے بنایا ہے، شام میں میڈیا ٹاک میں عمران خان اعلانات کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ انہیں گیسٹ ہاؤس جانے سے کیوں روکا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں روکا نہیں گیا بلکہ وہ شاید وقت سے قبل پہنچ گئے ہیں۔ عامر لیاقت نے کہا کہ میں شاید 10 منٹ پہلے ہی آگیا ہوں اس لیے اجازت نہیں مل سکی۔
عامر لیاقت حسین سے پوچھا گیا کہ فاروق ستار تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں، آپ خوش آمدید کہیں گے؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شمولیت کا فیصلہ پارٹی کرے گی انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔