رائل نیوی کا جہاز مشترکہ مشقوں کے لیے کراچی پہنچ گیا


کراچی:  رائل نیوی کا جہاز آرگیل (ARGYLL) خیر سگالی دورے پر کراچی پہنچ گیا ہے جہاں وہ پاک بحریہ کے ساتھ مشقوں میں حصہ لے گا۔

پاک بحریہ کے اعلامیے کے مطابق آرگیل ٹاپ 23 جہاز ہے جسے 1991 میں رائل نیوی میں شامل کیا گیا۔  قبل ازیں پاک بحریہ کا ایف 22 پی جہاز جولائی 2018 میں برطانیہ کی بندر گاہ پورٹ سمتھ کا دورہ کر چکا ہے۔

کراچی بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ نے رائل نیوی کے جہاز کا پُرتپاک خیر مقدم کیا، پاک بحریہ کے سینئر آفیسرز اور برٹش ہائی کمیشن نے جہاز کا استقبال کیا۔

پاک نیوی کے مطابق جہاز کے دورہ پا کستان کا مقصد مشقوں کے انعقاد اور مشترکہ مفادات کے اُمور پر تبادلہ خیال کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین اشتراک اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔

اس کے علاوہ اس دورے کے دوران سماجی سر گرمیوں، کھیلوں کے مقابلوں اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلوں کا انعقاد بھی ہو گا۔

بندر گاہ کے دورے کی تکمیل پر پاک بحریہ اور رائل نیوی کے جہازوں کے درمیان کھلے سمندر میں باہمی مشقوں کا انعقاد ہو گا جس میں مختلف بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

ان مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp