پشین دھماکہ: عمران خان اور بلاول بھٹو کی مذمت


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشین دھماکے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان کی شدید مذمت کی ہے۔

عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے غم اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے صوبائی حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی پشین دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے پشین دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن اور ترقی کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلح افواج، پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن کے قیام کی خاطر کاوشیں اور قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بدامنی کے خاتمے کے اصل ہیرو ہمارے شہداء ہیں جنہیں قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کے نوجوانوں، بزرگوں یہاں تک کہ بچوں نے بھی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اطلاعات نے شہدا کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

جمعہ کے روز بلوچستان کے ضلع پشین میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ اس وقت گاڑی میں موجود نہیں ہے۔ دھماکے میں لیویز کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے۔


متعلقہ خبریں