لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تعلیمی معیارمیں بہتری اورشرح خواندگی میں اضافہ ہمیشہ سے پی ایم ایل (ن) کا نصب العین رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہماری کامیاب تعلیمی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ ایک جانب پی ایم ایل (ن) نے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کے ذریعے تعلیمی معیار کی بہتری میں کلیدی کردارادا کیا تو دوسری جانب تعلیمی پنجاب ایجوکیشن ریفارمز روڈ میپ پروگرام کی کامیابی کا تناسب بھی 95 فیصد رہا۔
انہوں نے کہا کہ زیور تعلیم پروگرام کے تحت چار لاکھ 65 ہزار طالبات کو تعلیمی وظائف دیے گئے جس کی وجہ سے اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے تناسب میں فرق بھی کم ہوا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ کے دس سالہ دور حکومت میں پرائمری سطح کی شرح خواندگی 45 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد ہوئی، ساٹھ لاکھ سے زائد بچے اسکولوں میں داخل ہوئے اور صوبہ پنجاب کے اسکولوں میں بچوں کی حاضری کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ گیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کی اہمیت پر زور ڈالتے رہیں گے اور بلا تفریق تعلیمی معیارمیں بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔