ریلوے کا خسارہ ایک سال میں ختم کر دیں گے، شیخ رشید

غریبوں، مزدوروں کے لیے سستی اور الگ ٹرین چلانے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے مزدوروں اور غریبوں کے لیے پشاور سے کراچی تک سستی اور تیز ترین ٹرین چلائے گا جب کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ ایک سال میں ختم کر دیں گے۔ 

لاہور میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 14 ستمبر کو وزیر اعظم دو نئی ٹرینوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ گوادر کے لیے نئے ڈویژن کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے ڈھائی سو ایکڑ زمین پہلے سے لی ہوئی ہے اور تین سو ایکڑ زمین مزید لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے جو ہماری ناکارہ ریلوے لائن ہے پڑوسی ملک سے کہہ کر اُسے بہتر کریں گے۔ ہم سات سو کلومیٹر لمبے ڈبل گیج ٹریک کو ایران کی مدد سے بحال کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ساتوں اسٹیشنز پر وائی فائی کا انتظام کر رہے ہیں جو کہ عمران خان کے سو دن کے پلان کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پبلیسٹی کے لیے مارکیٹنگ کے شعبے کو تین حصوں میں تقسیم کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے ڈرائی ہورٹس کو بھی بہتر کریں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہمارے آئی ٹی کے ذمہ داران دو ویب سائٹس لانچ کریں گے، ہم نے دو اہم کمیٹیاں بھی بنائی ہیں، سرمایا کاری کمیٹی کو جاوید انور ہیڈ کریں گے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ سو روپے کے ٹکٹ پر ایک روپیہ بڑھائیں گے اور اس سے اوپر کی ٹکٹ پر دو روپے، یہ پیسے ڈیم فنڈ میں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے ڈیم فنڈ میں سالانہ دس کروڑ روپے جمع کرائے گا۔

 


متعلقہ خبریں