اسلام آباد: چینی وزیرخارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ 7 سے 9 ستمبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، دفتر خارجہ کے اعلی حکام نے چینی وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ اعلی سطح کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں، وہ کل اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
گذشتہ روز ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اس دورے میں چینی وزیرخارجہ پاکستان حکام کے ساتھ باہمی تعلقات اور علاقائی تعاون پر بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور ترقی کا عمل جاری ہے، دونوں ممالک اسٹریٹجک پارٹنرز، اچھے پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں۔