سندھ گورنر ہاؤس عوام کے لئے کھول دیا گیا



کراچی: سندھ میں گورنر ہاؤس کا پارک عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سیر کے لیے آنے والے عوام کو خوش آمدید کہا۔

ہم نیوز کے مطابق فیملیز اور یونیورسٹی کے طالب علموں نے گورنر ہاؤس کے لان اور قائد روم کا دورہ کیا، اس دوران گورنر سندھ عوام میں گھل مل گئے اور میڈیا سے بات چیت کی۔

عوام سے تاریخی عمارت کے دورے کے دوران حفاظت کی درخواست کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ عمارت قومی ورثہ ہے اس کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات وصول کرنے کے لئے گیٹ نمبر چار پر جلد ایک کاؤنٹر قائم کیا جائے گا جہاں وہ ہفتے میں ایک دن خود عوام سے سے مل کر ان کی شکایات وصول کریں گے۔ 

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کروں گا، یپپلز پارٹی،ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے اپنے سیاسی نظریات ہیں لیکن صوبہ کی تعمیر و ترقی سب کا ویژن ہے۔ 

عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاؤسز کے مستقبل کے لئے وفاقی وزیر تعلیم کی صدارت میں کمیٹی کام کر رہی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات جلد وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

اسکولوں میں فیسوں کے اضافے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کو ہر حال میں سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کو ماننا ہوگا، انہیں فیسوں میں من چاہے اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گورنر ہاؤس کا تاریخی پس منظر

کراچی کے ایوان صدر روڈ پر واقع گورنر ہاؤس سندھ  کو گورنر ہاؤس کراچی بھی کہا جاتا ہے جو صوبے کے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ ہوتی ہے۔

1933 میں تعمیر کی گئی اس تاریخی عمارت میں ماضی کی کئی نمایاں شخصیات نے رہائش اختیار کی۔ ان میں کمشنرز اور آزادی سے پہلے برطانوی راج کے گورنرز بھی شامل ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسی عمارت میں رہائش اختیار کی تھی۔


متعلقہ خبریں