بجٹ میں میک اپ، پرفیوم، برانڈڈ ملبوسات اور ذاتی نگہداشت کی درآمدی اشیا پر ڈیوٹی میں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں بناؤ سنگھار، ذاتی نگہداشت اور فیشن سے متعلق متعدد درآمدی اشیا پر عائد ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی کی تجویز زیر غور ہے، اطلاعات ہیں کہ کسٹم ایکٹ کے چیپٹر 33 میں شامل مصنوعات پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن 929 کے تحت آنے والی مختلف درآمدی کاسمیٹکس اور بیوٹی مصنوعات کو بھی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ان اشیا میں سرخی، فیس پاؤڈر، آئی لائنر، مسکارا، لپ گلوس، میک اپ کٹس، میک اپ بیس کریم، فیس شائنر، لوشن، کریمیں اور آنکھوں کے میک اپ کا سامان شامل ہیں۔
اسی طرح بالوں کی نگہداشت اور اسٹائلنگ سے متعلق مصنوعات، جن میں ہیئر اسٹریٹنر، کرلنگ آلات، ہیئر کلرز، ہیئر لوشن، ہیئر کریمز اور ہیئر ریموونگ کریم شامل ہیں، ان پر بھی ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پرفیوم، باڈی اسپرے، شیونگ مصنوعات، فیس واش، فیشل کریم، دانتوں کی خوبصورتی بڑھانے والی مصنوعات اور نقلی زلفوں پر بھی درآمدی ڈیوٹی میں کمی متوقع ہے۔
سندھ میں تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافے کی تجویز سامنے آ گئی
مزید برآں، درآمدی پرس، سن گلاسز، برانڈڈ جوتوں، ملبوسات اور بیلٹس پر بھی 2 سے 5 فیصد تک ڈیوٹی کم کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم ان تجاویز کی حتمی منظوری اور نفاذ کا فیصلہ وفاقی بجٹ کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوگا۔
