نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی مصروف ترین شاہراہوں پر قائم ٹول پلازوں کے نئے ٹھیکوں کا اعلان کر دیا ہے، جنہیں نیٹ گارنٹیڈ ماہانہ آمدن کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق نئے ٹھیکوں کی مدت 30 جون 2027 تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ کامیاب ٹھیکیداروں کو طے شدہ نیٹ گارنٹیڈ رقم کے ساتھ تمام مروجہ ٹیکسز بھی ادا کرنا ہوں گے۔
این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ ٹھیکیداروں کو ہر ماہ مقررہ رقم ایڈوانس بنیادوں پر اتھارٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرانا ہوگی، جبکہ بولی میں حصہ لینے کے لیے فرم کا پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ این ایچ اے یا کسی بھی سرکاری محکمے کے نادہندگان کو بولی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ٹھیکیداروں کو ٹول پلازوں کے لیے “کیش اِن ٹرانزٹ” انشورنس فراہم کرنا بھی لازم ہوگا۔
— National Highway Authority Pakistan (@nha_pakistan1) June 6, 2026
نیلامی کے دوران مختلف ٹول پلازوں پر اربوں روپے کی بولیاں سامنے آئیں۔ سعید آباد، مورو، کنڈیارو اور رانی پور سمیت کئی اہم ٹول پلازے 11 سے 12 کروڑ روپے تک میں نیلام ہوئے، جبکہ گھوٹکی اور ماچھی گوٹھ نسبتاً کم قیمت پر دیے گئے۔
نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے کئی اہم ٹول پلازے حاصل کیے، جن میں اُباڑو، خانیوال، بہاولپور، جہلم، تراکئی اور مندرہ شامل ہیں، جہاں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
بڑی بولیوں کی بات کی جائے تو سنگجانی این-5 ٹول پلازہ 13 کروڑ 48 لاکھ 45 ہزار روپے میں نجی کمپنی کے نام ایوارڈ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ پھونگر این فائیو ٹال پلازہ 13 کروڑ 35 لاکھ روپے، سعید آباد این 5 ٹول پلازہ 11 کروڑ 77 لاکھ روپے، قاضی احمد 9 کروڑ 70 لاکھ روپے، جبکہ مورو ٹول پلازہ 11 کروڑ 64 لاکھ 15 ہزار روپے میں نیلام کیا گیا۔
اسی طرح کنڈیارو ٹول پلازہ 11 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار روپے، رانی پور ٹول پلازہ 12 کروڑ 8 لاکھ 77 ہزار روپے، جبکہ گھوٹکی ٹول پلازہ 6 کروڑ 91 لاکھ روپے میں نیلام ہوا۔
این ایچ اے کے مطابق اُباڑو ٹول پلازہ کی نیلامی کے دوران سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے 8 کروڑ 22 لاکھ روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر ٹھیکہ حاصل کیا۔
مزید برآں ماچھی گوٹھ ٹول پلازہ 7 کروڑ 81 لاکھ روپے، صادق آباد ٹول پلازہ 9 کروڑ 61 لاکھ روپے جبکہ احمد پور ایسٹ ٹول پلازہ مقررہ قیمت سے زائد 9 کروڑ 92 لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا۔
دوسری جانب کچھ مقامات پر دلچسپی کم رہی۔ مکران کوسٹل ہائی وے، ہارو ٹول پلازہ اور قلات میں یا تو کوئی بولی نہیں آئی یا بولی دہندگان نے دستبرداری اختیار کر لی، جس کے باعث یہ نیلامی بغیر نتیجہ ختم ہو گئی۔
این ایچ اے کے مطابق نیلامی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا اور اس کا مقصد قومی شاہراہوں سے آمدن میں اضافہ اور نظام کو بہتر بنانا ہے۔
