دھماکے سے متاثرہ ریلوے ٹریک بحال کر دیا گیا


محراب پور: بھریا روڈ ریلوے ٹریک کا مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد ریلوے ٹریک بحال کر دیا گیا ہے۔ بھریا روڈ 375 کلو میٹر کے مقام پر دھماکے کے باعث ٹریک کو نقصان پہنچا تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق محراب پورمیں ریلوے ٹریک پر دھماکے میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ریلوے ٹریک پر دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا لیکن دھماکا ٹرین گزرنے کے کچھ دیر بعد ہوا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں جو تعطل آیا تھا وہ بھی بحال کر دیا گیا ہے۔

ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق ٹریک کا نقصان ہوا تھا جس کے باعث ریلوے کی دو طرفہ ٹریفک معطل کر دی گئی تھی تاہم اب ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکہ ہونے سے چند منٹ قبل پاکستان ایکسپریس اسی مقام سے گزری تھی۔


متعلقہ خبریں