کراچی : ڈائریکٹر میٹ عبدالرشید نے کہا ہے کہ شہر میں سونامی کا کوئی خطرہ نہیں اور نا ہی کراچی میں بارشوں کی کوئی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چند روز قبل ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ (ڈی ایم سی ای) کی جانب سے مختلف اداروں کو خط لکھا گیا جس میں متعلقہ اسکولوں کو سونامی سے بچاؤ کی مشقوں کا کہا گیا تھا، اس خط کے باعث کراچی میں خوف کی فضا قائم ہو گئی تھی اور افواہیں پھیلنے لگی تھیں۔
ڈائریکٹرمیٹ نے خط کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سونامی کے پیش نظر ہر سال مشقیں کی جاتی ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں۔ اس کے ذریعے آلات کے کار آمد یا ناکارہ ہونے کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں بارشوں کی بھی کوئی پیشن گوئی نہیں کی گئی، فی الحال بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔ اسی لیے شہری کسی قسم کی افواہوں پرکان نا دھریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشقیں ہر سال کا معمول ہیں اور ان کا مقصد مقصد کسی بھی حادثے کی صورت میں احتیاطی تدابیر کرنا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنا ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں اس سے قبل بھی سونامی کی پیش گائی کی جا چکی ہے، چند برس قبل ایک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تیزی سے ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندر کی بلند ہوتی سطح کراچی کو بھی نگل لے گی۔