جہانگیر ترین کا ٹیکس معاملہ: عدالت نے ایف بی آر کو روک دیا

لاہور ہائیکورٹ

لاہور: جہانگیر ترین کو 19 کروڑ 91 لاکھ کے ٹیکس نوٹسز کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس ریکوری سے روک دیا ہے۔

پیر تین ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی عدالت نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریوینیو کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جہانگیر ترین کی دائر کردہ درخواست میں ایف بی آر، کمشنر ان لینڈ ریونیو اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں جے ڈبلیو ڈی مل کو 19 کروڑ 91 لاکھ سات ہزار روپے کی ٹیکس ادائیگی کے نوٹس بھیجے گئے۔ ان نوٹسز کے خلاف اپیلیں کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس زیر سماعت ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا تھا کہ کمشنر ان لینڈ ریوینیو ہمارے حق میں حکم امتناعی جاری کر چکے ہیں اس کے باوجود ٹیکس نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ایف بی آر کی جانب سے بھیجے گئے ٹیکس ریکوری نوٹسز کالعدم قرار دیے جائیں۔


متعلقہ خبریں