فضل الرحمان کی آصف زرداری سے حمایت کی درخواست


اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے درخواست کی ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کے دوران ان کی حمایت کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے زرداری ہاؤس میں آصف زرداری سے ملاقات کے دوران ان سے اعتزاز احسن کو دستبردار کرانے کی درخواست بھی کی۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سوا ساری اپوزیشن جماعتیں ان کے ساتھ ہیں، اعتزازاحسن کےنام پر اتفاق رائے کے لیے انہوں نے خلوص نیت سے کام کیا ہے تاہم اپوزیشن میں اس نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور فرحت اللہ بابر جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالغفورحیدری اور اکرم درانی موجود تھے۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کو مشترکہ اپوزیشن نے صدر کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی ابھی تک چوہدری اعتزازاحسن کے نام پر بضد ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی منصب صدارت کے لیے امیدوار ہیں۔


متعلقہ خبریں