عمران اسماعیل گورنر سندھ مقرر، نوٹیفیکیشن جاری

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار عمران اسماعیل کی بطور گورنرسندھ تقرری کا نوٹِفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے 33ویں گورنر عمران اسماعیل سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ حلف لیں گے۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے نو منتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ان کی تقریب حلف برداری 27 اگست بروز پیر ہونے کا امکان ہے، تاہم پیر کے روز حلف برداری کی تقریب چیف جسٹس کی دسیتابی سے مشروط ہے۔

تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان اور اپنی پارٹی کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور بطور گورنر اپنے فرائض بخوبی انجام دینے کا تہییہ کیا۔

عمران اسماعیل نے اپنی ترجیحات کے حوالے سے بتایا کہ وہ گورنر ہاؤس کا استعمال پارٹی پالیسی کے مطابق ہی کریں گے اور گورنر ہاؤس کی عمارت ذاتی رہائش کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دفتری امور کے لیے کسی دوسرے عمارت کی دستیابی تک گورنر ہاؤس میں ہی فرائض سرانجام دیں گے۔


متعلقہ خبریں