وزیراعظم پاکستان کی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پوری قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر رب کریم کے حکم کے تابع کرنا اوراپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کا باعث بنتا ہے جو اُسے صبرآزما لمحات اور مشکل ترین حالات میں بھی ثابت قدم رکھتا ہے اور راہ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ یہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔ آج کے دِن ان عظیم انبیا ئے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔ عید الاضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم کو عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں