’عمران خان میرا وزیر اعظم میرا فخر‘


اسلام آباد: عمران خان کے حلف اٹھانے کے بعد قوم سے پہلے خطاب کو خوب پذیرائی مل رہی ہے، عمران خان کے غیر روایتی انداز تقریر نے پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی تعریف پر مجبور کر دیا۔

عمران خان کے ایک گھنٹے کے خطاب کے بعد سیاست سے لے کر شوبز کی دنیا بھی ان کو سراہتی نظر آرہی ہے، ایسے میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے لے کر انڈین انڈسٹری میں بھی اپنے آپ کو منوانے والی ماہرہ خان نے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کے بعد اپنے جذبات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کا رخ کیا۔

ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں عمران خان کے پاکستانی وزیر اعظم منتخب ہونے پر فخر کا اظہار کیا، عمران خان کے خطاب میں مخصوص موضوعات کے ذکر کو سراہتے ہوئے ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ آج وہ الفاظ سننے کو ملے جو پہلے کھبی نہیں سنے، عمران خان کو اپنا وزیر اعظم کہتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے، مزید برآں انھوں نے عمران خان کے جاری مشن میں ان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ماہرہ خان نے اپنی انسٹا گرام کی پوسٹ میں عمران خان کو مبارک بعد دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ اب ان لوگوں کی فہرست میں شامل ہیں جن کے لیے میری والدہ دعائیں کرتیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جب بھی عمران خان ٹیلی ویژن کی اسکرین پر آتے ہیں ان کی والدہ نو منتخب وزیراعظم کے لیے دعائیں اور قرآنی آیات پڑھ کر ان پر پھونکتی ہیں۔

ماہرہ خان کے علاوہ شوبز کے باقی ستارے بھی عمران خان کے وزیراعظم بن جانے پر خوش اور پُر جوش نظر آئے، کئی ستاروں نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر اپنے جذبات اظہار کیا ماورا حسین، ثمینہ پیر زاداہ سجل علی، مایا علی اور جاوید شیخ بھی نئے پاکستان پر خوش اور جذباتی نظر آئے تمام ستاروں نے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دیگر ستاروں کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر اور اداکارعدنان ملک نے بھی اپنے انسٹاگرام کی پوسٹ پر عمران خان کے پہلے خطاب کی خوب تعریف کی، انھوں نے کہا کہ ’ آج سے پہلے کھبی بھی وزیراعظم کی پوزیشن پر موجود شخص کو اپنی قوم کے بارے میں اتنی سچائی اور مخلصی سے بات کرتےنہیں سنا ‘۔

عدنان ملک نے اپنی پوسٹ میں عمران خان کے ویژن اور ان کے خطاب کا حصہ بننے والے موضوعات کرپشن، فاٹا کا کے پی میں انضمام، بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام، پولیس کو بہتر کرنا، صحت اور سیاحت کے فروغ جیسے موضوعات کو خوب سراہا۔ مزید برآں انھوں نے اپنے آپ کو کپتان کی ٹیم کا حصہ بناتے ہوئے نئے پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں