اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمران خان کو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتخاب ایک طویل سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیے، عمران خان کی قیادت میں ملک تر قی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا اور پاکستان کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے کیونکہ ان کا وزیراعظم کے طور پر انتخاب نا صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے بھی بہتر ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایک صاحب بصیرت اوربہادر لیڈر ہیں، انہوں نے ہمیشہ اصولوں اورحق و سچ پر مبنی سیاست کی ہے،عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے بیروزگاری، غربت، جہالت اور کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔