ملالہ کی عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد

ملالہ کی عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک بادذ|humnews.pk

اسلام آباد: نوبل انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے اپنی جدوجہد کی وجہ سے پوری دنیا میں معروف ملالہ یوسفزئی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد کا پیغام دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ملکی استحکام اورعوام کی خوش حالی کے لیے پرامید ہیں۔

ملالہ یوسفزئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں عمران خان سے امید ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور اسکول سے باہر بچوں کی مفت تعلیم تک رسائی کے لیے بھی کام کریں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں تعلیم کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج بروز جمعہ قومی اسمبلی سے 176 ووٹ لے کر پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ نون کے رہنما شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔

عمران کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے خوب نعرے بازی کی گئی اور حزب اختلاف کی جانب سے شور شرابا جاری رہا تاہم اس موقع پر عمران خان خاصے پرسکون انداز میں نظر آئے۔


متعلقہ خبریں