بلوچستان اسمبلی: قائد ایوان کا انتخاب کل ہو گا


کوئٹہ: بلوچستان کے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے جام کمال نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے نامزد امیدوار میر یونس زہری پہلے ہی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

کاغذات نامزدگی وصول وجمع کرانے کا وقت آج شام پانچ بجے تک تھا جبکہ کل بروز ہفتہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صبح 11 بجے نئے قائد ایوان کا انتخاب ہو گا۔

جام کمال کا تعلق بلوچستان کے علاقہ لسبیلہ سے ہے اور وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ہیں، ان کے دادا جام غلام قادر خان اور والد جام محمد یوسف بھی وزیراعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں۔

حالیہ الیکشن میں بلوچستان سے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت بی اے پی نےجام کمال خان کو وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ وہ اکثریت حاصل کرنے کے باوجود دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے اسپیکر کے لیے سابق وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو امیدوار ہیں۔


متعلقہ خبریں