اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 30 سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے 14 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک حاصل کیےجاسکیں گے اور کاغذات کی جانچ پڑتال 4 ستمبر کو ہوگی۔
ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے خلاف اپیلیں آٹھ ستمبر تک دائر کی جا سکیں گی جب کہ اپیلوں پر فیصلے 13 ستمبر تک کیے جائیں گے۔
کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری تاریخ 15 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور حتمی فہرست بھی 15 ستمبر کو ہی آویزاں کی جائے گئی جب کہ 16 ستمبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے گیارہ اورصوبائی اسمبلی کے 19 سے زائد حلقوں میں انتخاب کا انعقاد ہوگا۔
قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے تھے جب کہ چھ نشستیں پی ٹی آئی، دو نشستیں ق لیگ اور دو نشست ن لیگ کے شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی جانب سے ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کے باعث خالی ہوئی ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35، این اے 53، این اے 60، این اے 65، این اے69، این اے103، این اے 124، این اے131 اور این اے243 میں ضمنی انتخاب ہوگا۔