اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن صفدر کے علاج کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کو ان کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہو گئی ہیں، ان کی شوگر، جگر اور گردے کی رپورٹس نارمل ہیں جبکہ ای سی جی میں بھی کوئی پیچیدگی سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خون میں کولیسٹرول اور چکنائی کی مقدار زیادہ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں سادہ غذا کھانے کا مشورہ دیا ہے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں قید کیپٹن صفدر کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے امراض قلب وارڈ پہنچایا گیا، اسپتال میں ان کے علاج کے لیے ڈاکٹر مشہود کی سربراہی میں تین رکنی میڈیکل بورڈ قائم کیا گیا تھا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پمز میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وارڈ کو سب جیل قرار دے دیا ہے، جب تک وہ اسپتال رہیں گے یہ وارڈ سب جیل ہی رہے گا۔