کراچی: عام انتخابات کے بعد سونے کی قیمتوں میں دوسری بار کمی آ گئی ہے اور فی تولہ سونے پر 350 جبکہ دس گرام سونے پر 300 روپے کم ہو گئے ہیں۔
صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 350 روپے کمی کے بعد 54800 روپے ہو گئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 300 روپے کی کمی کے بعد 46982 روپے ہوگئی ہے۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران بھی سونے کے نرخ میں 10 ڈالر کی کمی دیکھی گئی تھی اور فی اونس سونے کی قیمت 1224 ڈالر سے کم ہو کر 1214 ڈالر ہوگئی تھی، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 7 روز کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1150 روپے کی کمی دیکھی گئی۔
اس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 56 ہزار 350 روپے سے کم ہو کر 55 ہزار 200 روپے ہوگئی تھی، اسی طرح 986 روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 48 ہزار 311 روپے سے کم ہو کر 47 ہزار 325 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 40 روپے کی کمی سے 720 روپے ہو گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح، عمران خان کی تقریر سے سیاسی استحکام کی امیدوں اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ریکوری کے نتیجے میں سونے کی مقامی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ برس بھی اگست میں عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی تھی جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1267 ڈالر کی سطح پر آ گئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی ہوئی تو اس کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑا تاہم کمی معمولی تھی اور فی تولہ سونے کی قیمت 100 روپے کمی کے بعد 50900 روپے کی سطح پر آ گئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 85 روپے کمی کے بعد 43628 روپے کی سطح پر آ گئی تھی تاہم حالیہ کمی 350 اور 300 روپے ہوئی ہے۔