امریکہ کا نئی حکومت سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار


اسلام آباد: امریکی سفارت خانے کے ناظم  الامور جان ہوور نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی نئی حکومت سے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

پی ٹی آئی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفیر سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنگ اور طاقت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں، انہیں خوشی ہے کہ آج امریکہ سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے، پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکہ اور خطے کے مفاد میں ہے۔

پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ دونوں ممالک کے مابین باہمی اعتماد کا فقدان ہے، پاکستان تحریک انصاف امریکہ کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کے لیے پرعزم  ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں اور پاکستان کے امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔


متعلقہ خبریں