ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی بڑی شادی کی تقریب میں شرکت کی ہوگی، جس میں اندازاً ایک ہزار، پانچ ہزار یا دس ہزار افراد شریک ہوئے ہوں گے۔ لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی شادی کے چرچے ہیں جس میں 10 ہزار، 50 ہزار یا ایک لاکھ نہیں بلکہ تقریباً 4 لاکھ مہمانوں نے شرکت کی۔
بھارت کی غریب ترین ریاست بہار میں ایک سیاست دان کی جانب سے منعقدہ شادی کی تقریب میں تقریباً 4 لاکھ مہمانوں کی شرکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، جب کہ تقریب کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے تماشائی بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے۔
بھارت میں چھ مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہونے والے اننت سنگھ نے بدھ کو ریاست بہار میں اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں دیہاتیوں، سیاسی اتحادیوں اور اہم شخصیات کو مدعو کیا تھا۔
واضح رہے کہ اننت سنگھ کو قتل سمیت درجنوں مقدمات کا سامنا ہے۔
یہ شادی بھارت میں کئی کئی روز تک جاری رہنے والی مشہور شاہانہ شادیوں کے مقابلے میں بھی غیر معمولی حد تک بڑی تھی۔
اننت سنگھ کے قریبی ساتھی منا سنگھ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ مہمانوں کی تواضع روایتی مٹھائیوں کے 5 لاکھ پیسز اور سبزی پر مشتمل ضیافت سے کی گئی جسے 500 باورچیوں اور خانساماؤں نے تیار کیا تھا۔
View this post on Instagram
اننت سنگھ کے آبائی گاؤں نداواں میں ہونے والی اس تقریب میں اتنا بڑا ہجوم امڈ آیا کہ شادی کے مقام کی جانب جانے والی سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہوگیا۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک سیاست دان ٹریفک جام میں پھنسنے کے بعد اپنی گاڑی چھوڑ کر ٹریکٹر پر سوار ہوئے اور کھیتوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے تقریب میں پہنچے۔ منتظمین نے اہم شخصیات (وی آئی پیز) کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تقریب میں لانے کے لیے 5 ہیلی پیڈز بھی بنائے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کی جاری کردہ تصاویر میں ہزاروں افراد کو تقریب کے وسیع و عریض مقام کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے دھکم پیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ کئی لوگ درختوں اور بجلی کے ٹاورز پر بھی چڑھ گئے تھے۔
شادی کی تقریبات میں گھڑ دوڑ کا مقابلہ بھی شامل تھا۔ تاہم منتظمین کو اسے اس وقت مؤخر کرنا پڑا جب 200 گھوڑوں پر مشتمل مقابلہ دیکھنے کے لیے تقریباً ایک لاکھ افراد پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ چین سے درآمد کیے گئے پھولوں سے کی گئی دیدہ زیب آرائش اور آتش بازی کے مظاہرے نے بھی مہمانوں کو محظوظ کیا۔
شادی کی تقریب میں دلہن ایک لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑی میں پہنچی جب کہ دلہا تقریباً 200 گاڑیوں کے قافلے میں تقریب میں شریک ہوا۔
