غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں، 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 19 فلسطینی شہید اور 48 زخمی ہو گئے، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران سابق فلسطینی رکن اسمبلی سمیت 11 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
اکتوبر 2025 میں امریکی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مکمل طور پر بند نہ ہونے کے باعث علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے تقریباً دو تہائی حصے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے، جبکہ حماس کا کنٹرول غزہ کے ساحلی پٹی کے مخصوص علاقے تک محدود رہ گیا ہے۔
ترک نیوز ایجنسی انادولو نے غزہ کی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا کہ 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار 705 جبکہ زخمیوں کی تعداد 6 ہزار 163 ہو گئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران مختلف مقامات پر ملبوں سے 851 فلسطینیوں کی لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 74 ہزار 772 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار 298 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر نامی غیر سرکاری تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 11 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ 58 سالہ سابق فلسطینی رکن اسمبلی احمد عطون کو بیت المقدس کے جنوب میں واقع قصبے بیت ساحور سے گرفتار کیا گیا، جنہیں مقبوضہ بیت المقدس سے جبری طور پر بے دخل کیا گیا تھا۔
فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر کا کہنا ہے کہ سابق قیدیوں اور بیت المقدس کے سابق قانون سازوں کو نشانہ بنانا فلسطینی قومی شخصیات کے خلاف اسرائیلی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مقبوضہ مغربی کنارے میں گرفتاریوں اور چھاپوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
ادھر انسانی حقوق کی تنظیم البیدر نے بتایا کہ نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیتا میں اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی شہری حمزہ سعد التمر قطش کی گاڑی کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، حملہ آور گاڑی جلانے کے بعد فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے چھاپوں، گرفتاریوں اور آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2026 کے آغاز تک مقبوضہ مغربی کنارے میں 26 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔



