پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مطابق منڈی بہاالدین میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ’انعامو وینس گینگ‘ کا ممبر خرم نواز مارا گیا۔
یہ وہی انعامو وینس ہے جس کا ذکر مریم نواز نے 24 نومبر کو راولپنڈی میں کی گئی تقریر میں کیا تھا۔ پنجاب پولیس کے مطابق انعامو وینس اپنے ساتھی فیصل بڈھیکا کے ساتھ 16 نومبر کو سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مارا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق انعامو وینس قتل، بھتہ خوری، اغوا اور پولیس پر حملوں سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
وہ 2023 سے گینگ چلا رہا تھا تاہم گزشتہ ماہ بھیرا انٹرچینج کے قریب سے ایک پولیس کانسٹیبل کو اغوا کرنے اور اس کی ویڈیو وائرل کرنے کے واقعے کے بعد وہ بڑے پیمانے پر خبروں میں آیا۔
اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ”پنجاب میں گینگز آپریٹ کرتے تھے، میں نے انہیں چُن چُن کر ختم کیا ہے۔ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ ایسا ہوگا۔ ابھی سرگودھا میں ایک وینس گینگ تھا، جس نے سرگودھا کے لوگوں کی زندگی عذاب بنا رکھی تھی، اس گینگ کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔“
سرگودھا: نامو وینس گینگ کے خاتمہ پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا دوران خطاب سرگودھا میں امن و امان کے قیام پر اظہار اطمینان۔
@OfficialDPRPP https://t.co/Cd9lThVV1L— Sargodha Police (@sargodhapolice) November 25, 2026
منڈی بہاالدین میں ہوئے مبینہ پولیس مقابلے کے بارے میں سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ انعامو کا ساتھی خرم نواز اس گینگ کی سرگرمیوں میں متحرک کردار ادا کرتا تھا اور تھانہ کوٹ مومن کے ایس ایچ او پر حملے کے مقدمے میں بھی ملوث تھا۔ اس واقعے میں فائرنگ سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
محکمے کے مطابق سرگودھا میں پولیس مقابلے کے دوران انعامو وینس کی ہلاکت کے بعد خرم نواز نے اس کے ساتھیوں کو گاڑی میں محفوظ مقام تک پہنچایا تھا۔ وہ مبینہ طور پر گینگ کے لیے بھتہ خوری کی وارداتوں میں شہریوں کی نشاندہی کرنے، بھتے کی رقم جمع کرنے اور اسے گینگ کے سرغنہ تک پہنچانے میں بھی ملوث تھا۔
سی سی ڈی کے مطابق خرم نواز کے گینگ کے بیرونِ ملک موجود مبینہ سرپرست خوشنود بڈھا سے واٹس ایپ پر رابطے کی اطلاعات بھی ہیں۔
محکمے کا کہنا ہے کہ انعامو وینس گینگ سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چکوال اور لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سرگرم تھا۔
انچارج سی سی ڈی عامر شیرازی نے کہا کہ خرم نواز کی ہلاکت گینگ کے نیٹ ورک کے خلاف جاری کارروائیوں میں اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گینگ کے ملک کے اندر اور بیرونِ ملک موجود تمام ارکان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



