حکومت پنجاب نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی ہے۔
گزشتہ برس پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کی بھرتی سے پہلے ان کے کوائف نادرا کے سیکس آفینڈرز رجسٹر سے چیک کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس سلسلے میں انہوں نے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن پنجاب کو خط لکھ کر معاملہ وفاقی وزارت قانون و انصاف کو بھجوانے کی درخواست بھی کی تھی تاکہ اس مقصد کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔ تجویز میں پہلے سے تعینات عملے کے ریکارڈ کی جانچ بھی شامل تھی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت نجی اسکولوں کے تمام ملازمین کی تقرری سے پہلے متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گراؤنڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی۔
محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا پابند کریں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب بیک گراؤنڈ، کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے جو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر سکتا ہے۔
خواتین اور بچوں کے تحفظ کے قوانین میں اصلاحات
دوسری جانب پنجاب میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں لا ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں موجودہ قوانین کو مزید مؤثر بنانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اشتراک مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے مزید عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سزا دلوانے کے ساتھ متاثرہ خاتون کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا مشن ہے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بتایا کہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں تیز رفتار انصاف کی فراہمی کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے اور انسداد زیادتی سے متعلق نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد ایسے جرائم کی روک تھام، تفتیش کے نظام میں بہتری اور ملزمان کو سزائیں دلوانا ہے۔
دوسری جانب صوبے میں خواتین کے تحفظ کے لیے 2016 کا پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ جبکہ بچوں کے تحفظ کے لیے 2007 کا پنجاب ڈیسٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ پہلے ہی نافذالعمل ہیں۔
