لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ نے اہم فیصلے میں خاتون کی شادی خلع کے بجائے شوہر کے ذہنی و جسمانی تشدد کی بنیاد پر ختم کردی جبکہ شوہر کو نکاح نامے میں درج حق مہر ادا کرنے اور 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ دینے کا حکم دے دیا۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے مریم ظفر کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مریم ظفر کی شادی 28 دسمبر 2016 کو ان کے حقیقی ماموں زاد محمد عثمان غنی سے ہوئی تھی۔ نکاح نامے میں حق مہر کے طور پر 5 ہزار روپے نقد، ڈھائی تولہ سونے کے زیورات، موضع رام پور میں ایک بیگھہ زمین، ریاض الجنہ سوسائٹی میں 2 مرلے کا مکان اور محلہ دوسے والا میں 2 مرلے کا مکان طے کیا گیا تھا۔
خاتون کے مطابق شادی کے تقریباً2سال بعد بھی اولاد نہ ہونے پر انہیں طعنے دیے جانے لگے۔ دونوں میاں بیوی نے طبی معائنہ کرایا تو ان کے بقول شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کا نقص سامنے آیا جبکہ خاتون کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق 20 اپریل 2020 کو جب خاتون نے شوہر سے نان و نفقہ ادا کرنے اور نکاح نامے میں درج جائیدادیں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تو انہیں گھر سے نکال دیا گیا۔
خاتون نے شوہر کے خلاف تنسیخِ نکاح، حق مہر، نان و نفقہ اور جہیز کے سامان کی واپسی کا دعویٰ دائر کیا جبکہ شوہر نے جواب میں شادی سے انکار کرتے ہوئے نکاح کے وجود کے خلاف بھی الگ دعویٰ دائر کردیا۔
فیملی کورٹ مظفرگڑھ نے 24 ستمبر 2022 کو خاتون کے حق میں جزوی فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی بنیاد پر نکاح ختم کردیا تاہم حق مہر کا دعویٰ مسترد کردیا۔ عدالت نے عدت کے دوران 5 ہزار روپے ماہانہ نان و نفقہ اور جہیز کے سامان کے متبادل ایک لاکھ 50 ہزار روپے دینے کا حکم دیا۔
اسی فیصلے میں شوہر کا شادی سے انکار کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے جھوٹی قانونی کارروائی پر خاتون کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ دینے کا حکم بھی دیا گیا۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج مظفرگڑھ نے 28 نومبر 2022 کو اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ہرجانے کی رقم 5 لاکھ سے کم کرکے 2 لاکھ روپے کردی اور جہیز کے سامان کی واپسی یا اس کی متبادل قیمت 4 لاکھ روپے مقرر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں قرار دیا کہ ظلم صرف جسمانی تشدد تک محدود نہیں بلکہ اس میں ایسا رویہ بھی شامل ہے جو خاتون کو ذہنی اور جذباتی اذیت پہنچائے اور اس کے لیے ازدواجی رشتہ برقرار رکھنا ناممکن بنا دے۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے ڈاکٹر سیمہ حنیف خان کیس (PLD 2026 SC 91) اور مسماۃ طیبہ امبرین کیس (2023 SCMR 246) کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ذہنی اذیت، تضحیک، توہین، نظرانداز کرنا اور ایسا رویہ جو خاتون کی عزتِ نفس اور ذہنی سکون کو متاثر کرے، بھی ظلم کے زمرے میں آسکتا ہے۔
فیصلے کے مطابق خاتون نے اپنے دعوے، بیانِ حلفی، جرح اور شوہر کی طبی رپورٹ کے ذریعے اپنا مؤقف ثابت کیا جبکہ گواہ ظفر اقبال نے بھی ان کے بیان کی تائید کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ماتحت عدالتوں نے خاتون کے دعوے، طبی رپورٹ اور شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا اور غیر قانونی طور پر نکاح خلع کی بنیاد پر ختم کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں کے فیصلوں میں ترمیم کرتے ہوئے شادی کو شوہر کے ذہنی اور جسمانی تشدد کی بنیاد پر ختم کرنے کا حکم دیا اور خاتون کو نکاح نامے میں درج حق مہر قانون کے مطابق وصول کرنے کا حق دار قرار دیا۔
عدالت نے مزید شوہر کو 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ خاتون کو نہ صرف ازدواجی زندگی کے دوران جسمانی اور ذہنی اذیت برداشت کرنا پڑی بلکہ شوہر کی جانب سے شادی سے انکار اور ان کے خلاف دعویٰ دائر کرنے کے باعث بھی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عدالت نے خاتون کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے باقی معاملات میں ماتحت عدالتوں کے فیصلے برقرار رکھے۔

