ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’راکی‘ کو ریلیز ہوئے 50 سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس کا جادو آج بھی برقرار ہے۔ اس فلم کی کہانی یقیناً بے حد دلچسپ اور سبق آموز ہے مگر اسے بنانے کے پیچھے اس فلم کے مرکزی کردار سلویسٹر اسٹالون کی جدوجہد بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسی جدوجہد اور فلم کی تیاری کے دلچسپ واقعات پر مبنی نئی فلم ’آئی پلے راکی‘ آج امریکا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
1976 میں ریلیز ہونے والی امریکی فلم ’راکی‘ ایک عام باکسر ’راکی بالبوا‘ کی کہانی ہے جسے دنیا کے ہیوی ویٹ چیمپئن ’اپولو کریڈ‘ کے خلاف رنگ میں اترنے کا موقع ملتا ہے۔ فلم میں سلویسٹر اسٹالون نے ’راکی‘ کا مرکزی کردار ادا کیا جبکہ اس فلم کی کہانی بھی انہوں نے خود لکھی تھی۔
جان جی ایولڈسن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے 1977 میں بہترین فلم اور بہترین ہدایت کاری کے آسکر ایوارڈز اپنے نام کیے۔ اس فلم کی 5 مزید سیکوئل فلمیں اور ’کریڈ‘ سیریز کی 3 فلمیں بھی بن چکی ہیں۔ یہ فرنچائز اب تک دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔
’راکی‘ کا خیال کہاں سے آیا؟
راکی کی کہانی لکھنے کا خیال سلویسٹر اسٹالون کو باکسنگ کے ایک حقیقی مقابلے سے آیا تھا۔ یہ مقابلہ 1975 میں ہیوی ویٹ چیمپئن محمد علی اور امریکی باکسر چک ویپنر کے درمیان ہوا تھا۔ ویپنر اگرچہ مقابلہ ہار گئے لیکن انہوں نے محمد علی کو سخت مقابلہ دیا اور ایک موقع پر انہیں رنگ میں گرانے میں بھی کامیاب ہوئے۔
اسٹالون اس مقابلے سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ایک ایسے عام باکسر کی کہانی لکھنے کا فیصلہ کیا جو دنیا کے بڑے چیمپئن کے سامنے ہمت نہیں ہارتا۔ ان کے مطابق اس مقابلے میں ایک ایسا شخص چند لمحوں کے لیے غیر معمولی بن گیا جسے لوگ زیادہ اہمیت نہیں دیتے تھے۔ اسٹالون نے اس واقعے کو زندگی کی جدوجہد سے تشبیہ دی۔
ہالی ووڈ میں مشہور ہے کہ اسٹالون نے یہ مقابلہ دیکھنے کے بعد صرف 3 دن میں فلم کا ابتدائی اسکرپٹ لکھ لیا تھا۔ تاہم بعد میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اس اسکرپٹ کا تقریباً 90 فیصد حصہ اچھا نہیں تھا اور اسے بہتر بنانے کے لیے انہوں نے تقریباً 25 مرتبہ دوبارہ اسکرپٹ لکھا۔
اسٹالون کی ضد اور مالی مشکلات
جب فلم بنانے میں دلچسپی رکھنے والے پروڈیوسرز نے مرکزی کردار کے لیے کسی مشہور اداکار کو لینے کی خواہش ظاہر کی تو اسٹالون نے انکار کر دیا۔ وہ خود راکی کا کردار ادا کرنا چاہتے تھے اور اس پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
یہ فیصلہ ان کے لیے مزید پریشانیاں پیدا کر سکتا تھا کیونکہ اس وقت وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔ حالات یہاں تک پہنچ گئے تھے کہ انہیں اپنا کتا ’بٹ کَس‘ صرف 40 ڈالر میں فروخت کرنا پڑا۔ تاہم اسٹالون نے خود پر یقین برقرار رکھا اور کوشش جاری رکھی، یہاں تک کہ فلم بنانے والے ادارے یونائیٹڈ آرٹسٹس نے انہیں مرکزی کردار دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
فلم کے لیے پیشگی رقم ملنے کے بعد اسٹالون نے اپنا کتا 15 ہزار ڈالر میں واپس خرید لیا۔ بٹ کَس نے بعد میں راکی سیریز کی کئی فلموں میں بھی اداکاری کی۔
’کم بجٹ فلم‘
راکی کی تیاری پر صرف 10 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے تھے جو اس زمانے میں بھی ایک فلم کے لیے بہت کم بجٹ تصور کیا جاتا تھا۔
فلم کے کئی مناظر عوامی مقامات پر فلمائے گئے۔ ان میں راکی کی تربیت کے مشہور مناظر بھی شامل ہیں جن میں وہ سڑکوں پر دوڑتا دکھائی دیتا ہے اور لوگ اسے حیرت سے دیکھتے ہیں۔
In Rocky (1976), the crowd’s genuine reactions during the marketplace run were real, as they didn’t know why a man was running back and forth with a van following him. The guy who tosses the orange was completely genuine. https://t.co/szcHQZemQI
— Historic Vids (@historyinmemes) April 17, 2025
ایک منظر میں راکی جاگنگ کر رہا ہوتا ہے اور سڑک کنارے کھڑا پھل فروش اس کی طرف مالٹا اچھال دیتا ہے۔ یہ منظر پہلے سے اسکرپٹ میں شامل نہیں تھا لیکن اس نے فلم کو مزید حقیقی بنا دیا اور راکی کو ایک عام آدمی کے طور پر دکھانے میں مدد دی۔
فلم میں راکی کی تربیت کے مناظر صرف باکسنگ کی تیاری نہیں بلکہ امریکن ڈریم کی علامت بھی بن گئے۔ اس تصور کے مطابق محنت اور مسلسل کوشش سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
بعد میں کھیلوں پر بننے والی کئی فلموں میں بھی اس طرح کے مناظر دکھائے گئے جن میں 1984 کی ’کراٹے کڈ‘ اور 2004 کی ’ملین ڈالر بے بی‘ شامل ہیں۔ اس طرز کے مناظر کو مقبول بنانے کا سہرا اکثر اسٹالون کو دیا جاتا ہے۔
راکی کا مقصد کیا تھا؟
راکی کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کا پیغام بھی ہے۔ فلم میں راکی کا اصل مقصد عالمی چیمپئن بننا نہیں بلکہ یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ بھی کسی سے کم نہیں۔ وہ اپولو کریڈ کے خلاف آخری مقابلہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوتا لیکن اپنی کارکردگی سے دنیا کو اپنی صلاحیت منوا دیتا ہے۔
فلم کے موضوع پر تحقیق کرنے والے فلمی ماہر ایرک لِکٹن فیلڈ کے مطابق راکی صرف ایک بہتر باکسر بننے کے لیے تربیت نہیں کر رہا تھا بلکہ وہ اپنے لیے اور دوسروں کی نظر میں عزت حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ اس فلم کا پیغام صرف باکسنگ تک محدود نہیں رہا۔ اس کی کہانی دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کرتی ہے کیونکہ ہر شخص زندگی میں کسی نہ کسی طرح مشکلات کا مقابلہ کرتا ہے۔
اولمپکس کے بانی پیئر ڈی کوبرٹن کا بھی کہنا تھا کہ سب سے اہم چیز جیتنا نہیں بلکہ مقابلے میں حصہ لینا ہے۔ زندگی میں اصل اہمیت جیت کی نہیں بلکہ اچھے طریقے سے جدوجہد کرنے کی ہے۔ کھیلوں کی دنیا میں بھی اس سوچ کی مثالیں ملتی ہیں جن میں اولمپکس کے کھلاڑی ایڈی دی ایگل اور ایرک دی ایل شامل ہیں۔
راکی کی کہانی کو مزید خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ فلم کے مرکزی کردار کی جدوجہد کسی حد تک خود سلویسٹر اسٹالون کی زندگی سے بھی ملتی ہے۔ راکی ایک معمولی باکسر تھا جسے زندگی کا سب سے بڑا موقع ملا جبکہ اسٹالون ہالی ووڈ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک اداکار تھے۔
اصل ’راکی‘ کی کہانی پھر پردے پر
راکی کی ریلیز کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر بنائی گئی نئی فلم ’آئی پلے راکی‘ میں اصل فلم کی تیاری اور سلویسٹر اسٹالون کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
Round two: take your seat. #IPlayRocky – Now playing in more cities, everywhere Nov 20. Get your tickets now: https://t.co/98tH7bZjXG https://t.co/YGyHRrkdmU
— I Play Rocky (@iplayrockymovie) November 13, 2026
فلم میں انتھونی ایپولیٹو نوجوان سلویسٹر اسٹالون کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اس فلم کے ہدایت کار پیٹر فیریلی ہیں۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک غیر معروف اور مالی مشکلات کا شکار اداکار نے راکی کی کہانی لکھی اور مرکزی کردار خود ادا کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کیا۔
نئی فلم میں راکی کے کئی یادگار مناظر بھی دوبارہ فلمائے گئے ہیں جبکہ اسٹالون کے وفادار کتے بٹ کَس کو بھی کہانی میں شامل کیا گیا ہے۔
فلم ’آئی پلے راکی‘ کا ورلڈ پریمیئر ستمبر میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا جہاں اسے ناظرین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا اور یہ فیسٹیول کے پیپلز چوائس ایوارڈ میں دوسرے نمبر پر رہی۔ اس کے بعد اکتوبر میں لاس اینجلس کے چینی تھیٹر میں بھی فلم کا پریمیئر منعقد ہوا جس میں فلم کے مرکزی اداکار انتھونی ایپولیٹو، ہدایت کار پیٹر فیریلی اور دیگر کاسٹ نے شرکت کی۔
منگل کو لاس اینجلس کے اکیڈمی میوزیم میں بھی اصل فلم ’راکی‘ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اسکریننگ منعقد کی گئی جس میں نئی فلم کی کاسٹ اور فلم ساز شریک ہوئے۔
فلمی ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز پر ناقدین کی جانب سے اسے 88 فیصد جبکہ ابتدائی ناظرین کی جانب سے 98 فیصد مثبت ریٹنگ ملی ہے۔ باکس آفس تجزیہ کاروں کے مطابق فلم امریکا میں ریلیز کے پہلے ویک اینڈ پر تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر کما سکتی ہے۔
تاہم اسی ہفتے ایک اور بڑی فلم ’دی ہنگر گیمز: سن رائز آن دی ریپنگ‘ کی ریلیز اور ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ بھی اس کے لیے مقابلے کا باعث بن سکتے ہیں۔
