بلوچستان میں شیرانی علاقے میں دانہ سر میں بس کے حادثے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متععدد زخمی ہوگئے جس میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات بلوچستان شاہد رند کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں مسافر بس کے المناک حادثے میں 40 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا گیا اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں ایک دوسری خراب ہونے والی مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو اہلکار کھائی میں گرنے والے مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
واضح رہے دانہ سر قومی شاہراہ این-50 (N-50) پر واقع ایک اہم پہاڑی درہ ہے، جو بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان مرکزی زمینی رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔
یہ مقام ژوب سے تقریباً 35 کلومیٹر اور ڈیرہ اسماعیل خان سے لگ بھگ 130 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور دشوار گزار سلیمان پہاڑی سلسلے میں ہونے کے باعث ٹریفک کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھا جاتا ہے۔
اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، صدر مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔
حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ انتظامی افسران اس کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے جب کہ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر سرگرم ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دانہ سر کے علاقے میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔
