پنجاب کے علاقے پاکپتن میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس ملتان سے لاہور جا رہی تھی کہ 17 ایس پی کے قریب آلوؤں سے لدے ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس الٹ گئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بس میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
اس سے قبل 21 اکتوبر 2026 کو پنجاب کے علاقے راجن پور میں بھی بڑا ٹریفک حادثہ ہوا۔ جب انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ الٹنے سے 10 افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہو گئے تھے۔
صدر مملکت کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکپتن ٹریفک حادثے پر دکھ، افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔


