کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پاکستان میں کنٹونمنٹ بورڈز کی آئینی مدت 11 اپریل 2026 کو ختم ہو چکی ہے جبکہ آئین اور قانون کے تحت مدت ختم ہونے کے 120 دنوں کے اندر انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے اسی حوالے سے کیس کی سماعت کی جس میں وزارت دفاع کے حکام بھی پیش ہوئے۔
دوران سماعت وزارت دفاع کے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کی خاطر جنوری 2027 تک مہلت دی جائے۔
مشیر قانون وزارت دفاع نے بتایا کہ انہیں مزید وقت کی مہلت مانگنے کی ہدایت ملی ہے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز نے یقین دہانی کرائی کہ جنوری تک حلقہ بندیاں مکمل کر لی جائیں گی۔
حکام کے مطابق انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے وفاقی حکومت کو درخواست بھجوا دی گئی ہے تاہم تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت وزارت دفاع کو بھی جواب نہیں دے رہی اور نہ ہی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں حلقہ بندیاں باقی ہیں انہیں چھوڑ کر دیگر علاقوں میں انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی منطقی وجہ نظر نہیں آ رہی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل
واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ذاتی مداخلت کی اپیل کی تھی۔
خط میں مزید کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن وزارت دفاع کو اس حوالے سے متعدد بار یاد دہانی کرا چکا ہے جبکہ وزارت دفاع متعلقہ سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر چکی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اپنے خط میں واضح کیا تھا کہ وفاقی حکومت کی تحریری درخواست موصول ہوتے ہی کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے پروگرام کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔



