بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کرینہ کپور خان کو دیوالی کے موقع پر آیت الکرسی سے مزین لاکٹ پہننے پر قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق تنازع اس وقت شروع ہوا جب کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں وہ آیت الکرسی سے مزین 30 قیراط کا زمرد کا لاکٹ پہنے نظر آئیں جس میں زمرد پر آیت الکرسی کندہ تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور کو قانونی نوٹس کانگریس رہنما اور نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر عباس حفیظ کی جانب سے بھیجا گیا ہے جس میں معروف اسٹائلسٹ ریا کپور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ریا کپور نے کرینہ کپور کا دیوالی کا لباس اور زیورات ترتیب دیے تھے۔
View this post on Instagram
انڈین ایکسپریس کے مطابق 11 نومبر کو جاری قانونی نوٹس میں اعتراض کیا گیا ہے کہ قرآنی آیات کو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور دیگر مواد میں جس انداز سے پیش کیا گیا اس سے اس کی مذہبی حرمت متاثر ہو سکتی ہے۔
نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرینہ کپور اور ریا کپور کے زیر انتظام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلقہ تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹس ہٹائی جائیں، دونوں شخصیات عوامی سطح پر معذرت کریں اور یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ قرآنی آیت کو ایسے انداز میں پیش نہیں کیا جائے گا جس سے اس کی مذہبی تقدس پر حرف آئے۔
حالیہ سوشل میڈیا تصاویر میں کرینہ کپور کو ڈیزائنر پنیت بالانا کا تیار کردہ خاکی رنگ کا کفتان اور اس سے ملتی جلتی پگڑی پہنے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ریا کپور نے انسٹاگرام پر کرینہ کے لباس اور زیورات کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ اداکارہ نے بھوپال کے نواب اور بیگم سے منسوب تقریباً 200 سال پرانی کلغی اور بیگم آف بھوپال کا 30 قیراط کا زمرد پہنا تھا جس پر آیت الکرسی کندہ ہے۔
قانونی نوٹس میں بنیادی اعتراض قرآنی آیت کو زیور کے طور پر استعمال کرنے اور تصاویر میں اس کی پیشکش کے انداز پر اٹھایا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کرینہ کپور یا ریا کپور نے اس نوٹس پر کوئی ردعمل دیا ہے یا نہیں۔
