اسلام آباد: پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت نے اپنے قیام کے پہلے سال تقریباً 9 ہزار مقدمات نمٹائے۔ جمعے کو عدالت کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ایک سال کے دوران اتنے مقدمات کے فیصلے کرنا ملکی عدالتی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔
وفاقی آئینی عدالت نے 13 نومبر 2025 کو 27ویں آئینی ترمیم کے بعد کام شروع کیا۔ اس ترمیم کے تحت سپریم کورٹ کے آئینی اختیارات کا بڑا حصہ نئی عدالت کو منتقل کر دیا گیا تھا۔
آئینی عدالت نے پہلے سال میں ایسے کئی اہم فیصلے کیے جن کا تعلق عدلیہ کے اختیارات، ٹیکس نظام، شہریوں کے جائیداد کے حقوق، سرکاری ملازمین اور ہائی کورٹس کے آئینی اختیارات سے ہے۔
ان فیصلوں کے ذریعے عدالت نے اپنی آئینی حیثیت واضح کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت اور دیگر عدالتی اداروں کے اختیارات سے متعلق اہم قانونی اصول بھی طے کیے۔
1. عدلیہ میں وفاقی آئینی عدالت کی حیثیت
وفاقی آئینی عدالت نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت اس کے قانونی اصولوں اور فیصلوں پر پاکستان کی تمام عدالتیں، بشمول سپریم کورٹ، عمل کرنے کی پابند ہوں گی۔ یہ فیصلہ جسٹس عامر فاروق نے تحریر کیا تھا۔
مقدمہ اسلام آباد کی نجی تعلیمی اداروں کی ریگولیٹری اتھارٹی (آئی سی ٹی- پی ای آئی آر اے) میں مستقل تقرریوں سے متعلق تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس کے فیصلوں میں بیان کیے گئے قانونی اصول دیگر عدالتوں کے لیے لازم ہوں گے۔
اس کے برعکس ایک دوسرے فیصلے میں وفاقی آئینی عدالت نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلے اس پر لازمی طور پر لاگو نہیں ہوتے۔ عدالت سپریم کورٹ کے فیصلوں سے رہنمائی لے سکتی ہے، لیکن آئینی اور قانونی معاملات میں اپنی آزادانہ تشریح کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ یہ فیصلہ بلوچستان ٹریڈنگ کمپنی کی نظرثانی درخواست پر دیا گیا اور جسٹس عامر فاروق نے ہی تحریر کیا تھا۔
مذکورہ دونوں فیصلوں نے واضح کیا کہ وفاقی آئینی عدالت اپنے آئینی دائرہ اختیار میں ایک آزاد عدالتی ادارہ ہے اور اس کے قانونی اصول دیگر عدالتوں پر بھی لاگو ہوں گے۔
2۔ سپر ٹیکس برقرار رکھنے کا فیصلہ
27 جنوری 2026 کو وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعات 4 بی اور 4 سی کے تحت عائد سپر ٹیکس کو آئینی قرار دے دیا۔
اس فیصلے سے حکومت کے لیے تقریباً 310 ارب روپے کے ٹیکس محصولات کا راستہ محفوظ ہوا۔ مختلف کمپنیوں اور ٹیکس دہندگان نے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستیں دائر کیں۔ تاہم 11 نومبر کو عدالت نے 395 سے زائد درخواستوں کو مسترد کردیا۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے واضح کیا کہ نظرثانی کی درخواست کو اپیل کے متبادل کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا اور اس کا مقصد صرف واضح قانونی یا عدالتی غلطی کو درست کرنا ہے۔
اس فیصلے سے حکومت کے سپر ٹیکس وصول کرنے کے اختیار کو قانونی تحفظ حاصل ہوا۔
3۔ عدالتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی وقار
وفاقی آئینی عدالت نے انکم سپورٹ لیوی ایکٹ 2013 سے متعلق ایک اہم فیصلے میں 1178 نظرثانی درخواتیں مسترد کرتے ہوئے پہلے سے دیے گئے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔
سپریم کورٹ نے 28 دسمبر 2021 کو اس قانون کو غیر آئینی قرار دیا تھا کیوں کہ اسے مطلوبہ قانون سازی کے طریقہ کار کے بغیر فنانس ایکٹ کے ذریعے نافذ کیا گیا تھا۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کے ایک دوسرے بینچ نے اسی نوعیت کے قانونی سوالات پر دوبارہ کارروائی شروع کی۔
28 اکتوبر کے فیصلے میں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں عدالت نے اس کارروائی پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پہلے سے طے شدہ معاملات کو دوبارہ کھولنے کے لیے مناسب قانونی طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔
اس فیصلے سے عدالتی نظم و ضبط اور اداروں کے درمیان قانونی حدود کی اہمیت واضح ہوئی۔
4۔ جائیداد پر فرضی آمدن کا ٹیکس ختم
7 مئی 2026 کو وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 7 ای کو غیر آئینی قرار دیا۔
اس دفعہ کے تحت حکومت بعض غیر منقولہ جائیدادوں پر فرضی آمدن کی بنیاد پر ٹیکس وصول کر رہی تھی۔
شیر محمد مغیری بنام وفاق پاکستان کے مقدمے میں چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے فیصلہ دیا کہ ایسی جائیداد پر ٹیکس عائد کرنا غیر منصفانہ اور بعض حالات میں ضبطی کے مترادف ہو سکتا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اس ٹیکس کی وجہ سے مالکان اپنی جائیداد فروخت کرکے ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اس فیصلے سے ایف بی آر کو بڑا قانونی دھچکا لگا اور جائیداد پر فرضی آمدن کے ذریعے ٹیکس وصولی کا نظام ختم ہو گیا۔
5۔ ایف بی آر کو بغیر پیشگی نوٹس چھاپے مارنے کا اختیار
فروری 2026 میں وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 175 کے تحت بعض حالات میں بغیر پیشگی اطلاع کے ٹیکس دہندگان کے کاروباری مقامات کی تلاشی اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر سکتا ہے۔
یہ مقدمہ سیپٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کی درخواست پر سنا گیا تھا جس نے ایف بی آر کے چھاپے کو چیلنج کیا تھا۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹیکس حکام کو قانون کے نفاذ کے لیے کاروباری مقامات، دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا کی جانچ پڑتال کا اختیار حاصل ہے۔ اس کے لیے ہر صورت میں پہلے سے باقاعدہ کارروائی شروع کرنا ضروری نہیں ہے۔
اس فیصلے سے ایف بی آر کے اختیارات مضبوط ہوئے، تاہم اس کے ساتھ ہی ٹیکس حکام کی نجی املاک اور کاروباری ریکارڈ تک رسائی کے دائرہ کار سے متعلق اہم سوالات نے بھی جنم لیا۔
6۔ سرکاری مقصد کے لیے حاصل زمین نجی منصوبوں کو دینے پر پابندی
وفاقی آئینی عدالت نے جائیداد کے حقوق سے متعلق ایک اہم فیصلے میں قرار دیا کہ حکومت کسی شہری کی زمین کسی مخصوص عوامی مقصد کے لیے حاصل کرے تو اسے بعد میں نجی ہاؤسنگ اسکیم یا تجارتی منصوبے کے لیے استعمال نہیں کر سکتی۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 24 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کسی شہری کی زمین حاصل کرنے کا اختیار صرف حقیقی عوامی مفاد کے لیے حاصل ہے۔ مثال کے طور پر حکومت اگر کسی زمین کو اسپتال بنانے کے لیے حاصل کرتی ہے تو اسے بعد میں نجی کاروباری منصوبے کے حوالے کرنا قانونی اور آئینی اصولوں کے خلاف ہو سکتا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگر زمین حاصل کرنے کا اصل عوامی مقصد ختم ہو جائے یا اسے تبدیل کر دیا جائے تو زمین کے حصول کا قانونی جواز بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
اس فیصلے سے شہریوں کے جائیداد کے حقوق کو تحفظ ملا اور سرکاری زمین کے نجی استعمال کے خلاف اہم قانونی اصول سامنے آیا۔




