پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک دن کے دوران بڑی کمی ہو گئی ہے۔
امریکہ میں شرح سود میں اضافے کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے اثرات پاکستانی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 900 روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 9 ہزار 345 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 57 ہزار 112 روپے کی سطح پر آگیا جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 190 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 578 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 4 ہزار ڈالر فی اونس کی اہم نفسیاتی حد سے نیچے آگئی ہے۔ فی اونس سونا 109 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 940 ڈالر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام منفی رجحان پر ہوا۔ 100 انڈیکس ایک ہزار 710 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 77 ہزار 373 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 276 روپے 61 پیسے پر بند ہوا۔



