سرکاری ہیلی کاپٹر کیس، عمران خان آج نیب میں پیش ہوں گے


پشاور: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ہیلی کاپٹر استعمال کیس میں آج قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور کے روبرو پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے ’ہم نیوز‘ کو ٹیلی فونک گفتگو میں بتائی۔

نیب کے مطابق عمران خان کو اس سے قبل 18 جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم سیاسی مصروفیات کے باعث انہوں نے پیشی سے معذرت کر لی تھی جس کے بعد نیب خیبرپختونخوا نے انہیں 7 اگست کو طلب کر لیا تھا۔

نیب کے مطابق عمران خان سے نیب کی پانچ رکنی کمیٹی سوالات کرے گی جبکہ 30 سوالات پر مشتمل خصوصی سوالنامہ  بھی دیا جائے گا جسے 15 دن کے اندر دوبارہ نیب کے روبرو پیش ہو کر جمع کرانا ہو گا۔

نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے رواں سال فروری میں عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے 2 سرکاری ہیلی کاپٹرز، ایم آئی 17 اور ایکیوریل کو 74 گھنٹوں تک غیر سرکاری دوروں کے لیے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیب خیبر پختونخوا کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔

نیب کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے  پرواز کی جس کا انہوں نے اوسطاً  فی گھنٹہ کرایہ  28 ہزار روپے ادا کیا۔

نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر عمران خان نجی کمپنیوں کے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے تو انہیں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے نیب کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیس میں تحقیقات کا آغاز کرنے پر ادارے کا خیر مقدم کیا تھا، عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی عزائم سے مبرا مکمل طور پر شفاف احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ نیب کو مضبوط بنانے کی بات کی ہے اور انتخابات میں کامیابی ملی تو اسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں